1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:26
سال نو کاپرجوش استقبال، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت آتش بازی
جنگ نیوز -
کراچی ... ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سال نو کا استقبال بڑے جوش و خروش سے کیا گیا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔مگر سال نو 2012 کے جشن کے موقعے پر ہوائی فائرنگ سے تین افراد ہلاک اور 40زخمی ہو گئے،دوملزموں کوگرفتارکرلیاگیاہے۔روشن مستقبل کی امیدوں کیساتھ کراچی کے شہریوں نے سال نو کااستقبال کیا۔سن دوہزار بارہ کے استقبال کے لیے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے تحت سمندر کے کنارے شہریوں کے لیے آتش بازی کا اہتمام کیا گیا تھا جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما بابر غوری نے کہاکہ پاکستانی بھی سال نوکا جشن منانے میں کسی سے پیچھے نہیں۔سال نو کے استقبال کے لیے منچلے گاڑیوں اور موٹر سایئکلوں پر شہر بھر کی سڑکوں پرگھومتے رہے اورسال نو کی آمد پر اپنی خوشی کااظہار کیا۔اس موقع پر شہر میں جگہ جگہ اسنیپ چیکنگ کی گئی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ ساحل کی جانب جانے والے راستے بند کر دیئے گئے تھے۔ جشن کے دوران ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس سے شہرکے مختلف مقامات پرتین اموات ہوئیں جبکہ خواتین اوربچوں سمیت 40افرادزخمی ہوئے۔سال نو پرجشن منانیوالوں کی کمی نہ تھی مگریہ جشن بعض لوگوں کی زندگیوں کے چراغ گل کرگیا۔اپنی خوشی میں دوسروں کوشریک کرنے سے خوشیاں بڑھتی ہیں مگر بعض لوگوں کی لاپروائی نے سال نو کے پہلے ہی روزتین گھرانوں میں غم بانٹ دیے۔