1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:48
سابق آسٹریلوی وزیر اعظم جان ہاورڈ کیلئے آرڈر آف میرٹ کا اعزاز
جنگ نیوز -
لندن…جنگ نیوز…ملکہ برطانیہ الزبتھ نے آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم جان ہاؤرڈ کو آرڈر آف میرٹ کارکن مقرر کر دیا ۔ برطانوی ملکہ ہر سال 24زندہ مشہور و اعلیٰ شخصیات کو آرڈر آف میرٹ کارکن مقرر کرتی ہیں، اس سال جان ہاورڈ کے علاوہ برطانوی آرٹسٹ ڈیوڈ ہوکنی کے حصے میں بھی یہ اعزاز آیا ہے ۔ اس اعزاز کو فنون لطیفہ ، سائنس اور عوامی خدمات سے وابستہ شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو دیا جاتا ہے ۔ مذکورہ آرڈر یا اعزاز 1902ء میں شاہ ایڈورڈ ہشتم نے ترتیب دیا تھا۔ جان ہاورڈ جن کی عمر اس وقت 72سال ہے، آسٹریلیا کے دوسرے طویل عرصہ تک وزیر اعظم رہنے والے سیاسی رہنما ہیں۔ لبرل پارٹی سے تعلق رکھنے والے جان ہاورڈ نے 1996ء سے 2007ء تک آسٹریلوی وزارت عظمیٰ پر راج کیا۔ جن دوسری اعلیٰ شخصیات کو آرڈ آف میرٹ حاصل ہے ان میں سابق برطانوی وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر ، برطانیہ کے تاج کے ولی عہد شہزادہ چارلس ، شہزاد فلپ اور سابق کینیڈین وزیر اعظم جین کرسٹین شامل ہیں۔ سابق جنوبی افریقی صدر نیلسن مینڈیلا اس آرڈر کے اعزازی رکن ہیں۔