1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 10:4
گیس کی بندش،ملتان، فیصل آباد میں رکشہ اورویگن والے سڑکوں پر
جنگ نیوز -
فیصل آباد/ملتان…گیس کی قیمتوں میں اضافے اور کمرشل گاڑیوں کے لیے سی این جی کی پابندی کے خلاف فیصل آباد اور ملتان میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔پنجاب میں نئے سال کاپہلادن احتجاجی مظاہروں سے شروع ہوا۔کہیں ڈھول بجاکراورکہیں ڈنڈے اٹھا کر احتجاج کر نے والے فیصل آباد کے شہری ہیں۔جی ٹی ایس چوک پر سی این جی اسٹیشن مالکان اکھٹے ہوئے تو ملازمین بھی آگئے، اورپھر ویگن ایسوسی ایشن اور رکشہ ڈرائیور بھی ان کے ساتھ ہولیے سب کا ایک ہی نعرہ تھا۔گیس کی قیمتوں میں اضافہ اورپبلک ٹرانسپورٹ کے لیے گیس کی بندش نامنطور،نامنطور۔!یہی صدائیں گونج رہی تھیں۔ ملتان کے وہاڑی چوک پر جہاں گیس کی قیمتوں میں اضافے اور کمرشل گاڑیوں میں سی این جی کی پابندی پرویگن اونرایسوسی ایشن نے چاروں طرف گاڑیاں کھڑی کرکے ٹریفک معطل کردیا۔بہاول پورمیں رکشہ ڈرائیوروں نے چوک سرائیکی پراحتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ رحیم یارخان میں چوک بہادر نیشنل ہائی وے پر سی این جی اسٹیشن مالکان نے احتجاج کیااور ٹائرجلا کرٹریفک بلاک کردیا۔