1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:4
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی تنصیبات اور قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پاکستان اور بھارت نیایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی حکام نے بھارتی قیدیوں اور ایٹمی تنصیبات کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کو دفتر خارجہ اسلام آباد میں حوالے کی جبکہ بھارت نے بھی اپنی ایٹمی تنصیبات اور بھارت میں قید پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے حکام کے حوالے کی۔دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کے تبادلے کا معاہدہ 31 دسمبر 1988 میں ہوا جس کے تحت پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ نہ کرنے کے پابند ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کے تبادلے کا معاہدہ 21 مئی 2008 کو ہوا تھا۔دونوں ممالک کے درمیان فہرستوں کا تبادلہ ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو کیا جاتا ہے۔