1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 12:37
سی این جی کی وجہ سے گھریلو صارفین کو کوئی خطرہ نہیں،غیاث پراچہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین غیاث پراچہ نے کہاہے کہ سی این جی کی وجہ سے گھریلو صارفین کو کوئی خطرہ نہیں ، وزیرپٹرولیم عوام میں کنفیوژن پیدا کرتے ہیں اور میڈیاپرآکر قوم سے جھوٹ بولتے ہیں ، گیس بندش کیخلاف ہڑتال جاری رہے گی۔ حکومت فوری طور پر مسئلے کو حل کرے اور انہیں آگ لگانے ، خودکشیاں کرنے یا توڑ پھوڑ پر مجبور نہ کیا جائے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ ہڑتال میں پرامن مظاہرے جاری ہیں ، سندھ میں گزشتہ روز بھی ہڑتال کی گئی تھی،2009 سے قبل سی این جی اورگیس سیکٹر میں کوئی لڑائی نہیں تھی، وزیر پٹرولیم کھاد فیکٹریوں پر کبھی نہیں بولتے ، وزیر پٹرولیم کاگیس بندش پربیان عوام کودھوکا دینے کے مترادف ہے، اوگرا اور نیپراوزارت پٹرولیم کے ماتحت ادارے بن گئے ہیں،غیاث پراچہ کا کہنا تھا کہ ایک دن سی این جی استعمال نہ ہونے سے ہزاروں گیلن پٹرول استعمال ہوتاہے،حکومت اور عوام کو لاکھوں روپے کا خسارہ برداشت کرناپڑتا ہے ،35لاکھ گاڑیاں سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے بند پڑی ہیں اور4کروڑ کے قریب لوگ متاثر ہو رہے ہیں ، ملک میں سی این جی کی تقسیم منصفانہ نہیں ، وزارت پٹرولیم پیسے لے کر گیس کی غلط تقسیم کر رہی ہے ، پٹرولیم گیس کی تقسیم سے متعلق جواب آج رات تک دیاجائے۔