1 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:26
سعودی عرب: کرپشن کے الزام میں 6 افراد کو جیل بھیج دیا گیا
جنگ نیوز -
جدہ . . . . . سعودی عرب کے مغربی شہر جدہ میں ہونے والی بارش کی تباہ کاریوں کی تحقیقات کے لئے بننے والی کمیٹی نے کرپشن کے الزام میں 6 اہم ملزمان کو جیل بھیج دیا ہے۔ عرب اخبار کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف سرکاری محکموں کو باضابطگیوں کے لئے بھاری رشوت دینے اور لینے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ ملزمان میں جدہ کی شہری حکومت کے سینئر عہدیدار سمیت سابق مئیر، سینئر سرکاری انجینئر، معروف کاروباری شخصیت اور شہری حکومت کے ایک ریٹائرڈ سینئر عہدیدار بھی ہے جو ایک اہم منصب پر فائز ہے۔ اس دوران اٹارنی جنرل نے ملزمان کے خلاف 25 بدعنوانی کے الزامات پر مشتمل چارج شیٹ عدالت کو ارسال کردی ہے۔ یاد رہے کہ جدہ میں 2009 میں بارشوں کے باعث وسیع پیمانے پر تباہ کاریاں ہوئی تھیں جبکہ 122 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سعودی فرمانرواں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا تھا جس پر سرکاری عہدیداران سمیت مختلف سرکاری ونیم سرکاری اداروں سے وابستہ عہدیداروں کے خلاف بدعنوانی اور رشوت کے الزام میں گرفتاریاں بھی کی گئی تھی۔