2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:4
عسکری رضا کے قتل کا مقدمہ درج ،ایس ایس پی چوہدری اسلم معطل
جنگ نیوز -
کراچی ... گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے حکم پر پاسبان جعفریہ کے رہنما عسکری رضا کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ،جبکہ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کو معطل کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گلشن اقبال تھانے کے ایس ایچ او کو گورنر ہاؤس طلب کرکے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ عسکر ی رضا کو ہفتے کونامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس کے باہر پاسبان جعفریہ کے دھرنے اور احتجاج کو 7 گھنٹے سے زائد کا وقت بیت چکا ہے اور شرکاء نے گورنر ہاؤس کے باہر خیمے نصب کردیئے ہیں۔ریلی میں پاسبا ن جعفریہ کے رہنما عسکری رضا کا جنازہ بھی موجود ہے۔ ریلی کے شرکاء نے عسکری رضا کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور ایف آئی آر کی کاپی دھرنے کے شرکاء کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔شرکاء کا موقف ہے کہ جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے دھرنا جاری رہیگا۔گورنرسندھ نے بھی اس موقع پر عسکر ی رضا کے لواحقین کو دس لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے ،ادھرصدرآصف علی زرداری نے ٹیلی فونک رابطے پر مذاکراتی ٹیم کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ سے پاسبان جعفریہ کی6 رکنی کمیٹی کے مذاکرات میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ اس موقع پرڈپٹی اسپیکر شہلا رضا ،سنیٹرفیصل رضا عابدی اور آئی جی سندھ بھی موجود ہیں۔