2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:4
عسکری رضا کا قتل : گورنر کا چوہدری اسلم کیخلاف مقدمہ درج کرنیکا حکم
جنگ نیوز -
کراچی ... گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے پاسبان جعفریہ کے رہنما عسکری رضا کے قتل کا مقدمہ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کیخلاف درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ذرائع گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ سے پاسبان جعفریہ کی6 رکنی کمیٹی کے مذاکرات جاری ہیں جس میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اور آئی جی سندھ بھی موجود ہیں۔جوڈیشل کمیشن کے قیام کی تجویز پر مذاکرات ابھی جاری ہیں۔گورنر ہاؤس کے باہر پاسبان جعفریہ کے دھرنے اور احتجاج کو 7 گھنٹے سے زائد کا وقت بیت چکا ہے اور شرکاء نے گورنر ہاؤس کے باہر خیمے نصب کردیئے ہیں۔شرکاء کا موقف ہے کہ جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا۔ریلی کے شرکاء نے عسکری رضا کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ریلی کے شرکاء کے ساتھ پاسبا ن جعفریہ کے رہنما عسکری رضا کا جنازہ بھی موجود ہے۔صدر زرداری نے ٹیلی فونک رابطے پر مذاکراتی ٹیم کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔عسکری رضا گزشتہ روزگلشن اقبا میں فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔