2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:26
سی این جی کی بندش کیخلاف جڑواں شہروں میں ہڑتال، عوام کا احتجاج
جنگ نیوز -
اسلام آباد… سی این جی کی مسلسل پانچویں روز بندش کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث اسلام آباد اور راول پنڈی میں عوام مشتعل ہوگئی، عوام اور ٹرانسپورٹرز نے مل کر جڑواں شہروں کی کئی اہم سڑکوں کو بندکردیا۔ تین وزہ لوڈمینجمنٹ کے بعد سی این جی والوں نے گیس قیمتوں میں اضافے کیخلاف اتوار سے ہڑتال شروع کردی تھی، پبلک ٹرانسپورٹ والوں نے بھی آج سے ہڑتال کا اعلان کردیاتھا، جڑواں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کی قلت کی وجہ ویگن اسٹاپس پر صبح سے ہی مسافروں کا رش لگنا شروع ہوگیا، صورتحال سے تنگ لوگوں نے سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا اور کئی مقامات پر پبلک ٹرانسپورٹ والوں نے بھی ان کا ساتھ دیا، اسلام آباد ایکسپریس وے کو پہلے کھنہ پل کے قریب بند کیا گیا، روات میں جی ٹی روڈ پر ٹرالرز کے کنٹینرز کھڑے کرکے سڑک بند کردی گئی ، بارہ کہو میں بھی مشتعل افراد نے شاہراہ کشمیر کو مکمل بند کردیا، کئی مقامات پر مشتعل افراد کی طرف سے گاڑیوں پر پتھراوٴ بھی کیا گیا، اس صورتحال کی وجہ تعلیمی اداروں کے جانے والے طلباء ، روزگار کے لئے جانے والے افراد، مریضوں کو لے جانے والی ایمبولنس گاڑیاں کئی مقامات پر پھنسی رہیں ۔