2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 7:38
سینیٹ، ایم کیو ایم کی جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنانے کی قرارداد
جنگ نیوز -
اسلام آباد… ایم کیوایم نے صوبہ پنجاب میں جنوبی پنجاب پر مشتمل نیا صوبہ یا نئے صوبے اور خیبرپختونخواہ میں ہزارہ خطہ پر مشتمل نیا صوبہ بنانے کے حوالے سینیٹ میں دو الگ الگ قراردادیں جمع کرادی ہیں۔ جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ یا نئے صوبے بنانے کے حوالے سے قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ نیا صوبہ یا نئے صوبے خطہ میں ڈویڑنز یا اضلاع کی بنیاد پر بنایا جائے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ نئے صوبے یا صوبوں کا نام اور حلقہ بندیاں خطے کے عوام کی رائے کے مطابق کی جائیں۔ ہزارہ صوبہ بنانے کے حوالے سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو خیبر پختوانخواہ میں ہزارہ خطہ کو عوام کی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر نیا صوبہ بنانے کے لیئے اقدامات کرنے چاہیں۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان ، بٹگرام اور طورگھر کے اضلاع پر مشتمل نیا صوبہ بنایا جائے۔ قراردادوں پر بابرغوری،احمدعلی، طاہرمشہدی، شیرالہ ملک، حسیب خان،عبدالخالق پیرزادہ کے دست خط ہیں۔