2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:4
ن لیگ جاپان کے مقتول رہنما کی میت آج سیالکوٹ روانہ ہوگی
جنگ نیوز -
ٹوکیو …عرفان صدیقی …جاپان میں گزشتہ دنوں قتل کیے جانے والے سینئر پاکستانی اورمسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر چوہدری نفیس کی نماز جنازہ گزشتہ روز گما کین میں واقع ایسا ساکی مسجد میں ادا کردی گئی ، جس میں جاپان بھر سے پانچ سو سے زائد پاکستانی شہریوں نے شرکت کی ، نمازہ جنازہ معروف عالم دین حافظ احمد قمر نے پڑھائی ۔ چوہدری نفیس احمد جو کچھ عرصہ قبل ہی جاپانی شہریت حاصل کرچکے تھے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ جاپانی کمیونٹی میں بھی وسیع حلقہ احباب رکھتے تھے ،انکی نمازجنازہ کے موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی ، چوہدری نفیس کی میت پیر کے روز پاکستان انٹرنیشنل أئر لائن کے ذریعے پاکستان روانہ ہوگی جہاں انکے آبائی شہر سیالکوٹ میں سپر د خاک کیا جائے گا ، اس حوالے سے مرحوم کی نماز جنازہ اتوار کی شب جامع مسجد ایساساکی میں ادا کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ، چوہدری نفیس کے صاحبزادے اور دیگر اہل خانہ میت کے ساتھ پاکستان روانہ ہونگے ، چوہدری نفیس چند ماہ قبل ہی اپنے نئے مکان میں منتقل ہوئے تھے تاہم ان کو اس میں زیادہ عرصے رہنانصیب نہیں ہوسکا ، دوسری جانب جاپانی پولیس نے چوہدری نفیس کے قتل کی تحقیقات کا دائر ہ وسیع کردیا ہے اور توقع ہے کہ ملزمان کو عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا ، اس حوالے سے ذرائع نے جنگ کو بتایا ہے کہ جاپانی پولیس چند مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور توقع ہے کہ قاتلوں کے قریب پہنچ گئی ہے ، اس حوالے سے پاکستانی کمیونٹی جاپانی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سے مکمل رابطے میں ہے ۔