2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:38
جامعہ کراچی:شعبہ امتحانات کے لئے ما نیٹرنگ کمیٹی کی تشکیل
جنگ نیوز -
کراچی …جامعہ کراچی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے شعبہ امتحانات کی اعلیٰ اختیاراتی مانیٹرنگ کمیٹی بنادی ہے۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق اعلیٰ اختیاراتی مانیٹرنگ کمیٹی پر ڈاکٹر جاوید ذکی، ڈاکٹر ارشد اعظمی اور ناظم امتحانات پر مشتمل ہوگی ۔یہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی جامعہ کراچی میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی مارک شیٹ کی جانچ پڑتال کرے گی اور سیمسٹر سمیت دیگر تمام امتحانات کی نگرانی اور ان کے بروقت نتائج کو یقینی بنائے گی۔ علاوہ ازیں جامعہ کراچی کی ڈپلیکیٹ مارک شیٹ کے اجراء کی بھی نگرانی کرے گی۔ شعبہ امتحانات میں وقتاً فوقتاًاپنی سفارشات بھی مرتب کرکے وائس چانسلر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی نے شعبہ امتحانات کو اپ ڈیٹ کرنے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ ان کو یہ بھی اطلاع ملی تھی کہ فیس سے قبل از وقت مارک شیٹ کا اجراء جاری ہے جس سے جامعہ کراچی کو مالی نقصان کے علاوہ دیگر امور التواء کا شکار ہورہے ہیں ۔ انہوں نے پرووائس چانسلر کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس خرد برد کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کریں اور ایسا نظام مرتب کیا جائے کہ قبل از وقت مارک شیٹ کے اجراء کا تدارک ہوسکے جس پر کاروائی کرتے ہوئے مارک شیٹ کے عمل کو کمپیوٹر کے اوریکل سافٹ ویئر پر مشتمل کردیا گیا ہے جس سے مارک شیٹ کے عمل کو شفاف اور خردبرد سے پاک کیا جاسکے گا۔#بی کام پرائیوٹ سالانہ امتحانات 2011 کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 09 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق بی کام پرائیوٹ کے امتحانی فارم500/- روپے لیٹ فیس کے ساتھ 09 جنوری تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بی کام پرائیوٹ سال اول یا دوئم کی اوریجنل امتحانی فیس 2650/- روپے ہے جبکہ دونوں پارٹ کی اوریجنل امتحانی فیس 4900/- روپے ہے#ایم اے (پرائیوٹ) رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 30 جنوری تک توسیع کردی گئی ہے۔ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق ایم اے پرائیوٹ ،ڈبل ایم اے اور امپرومنٹ کرنے کے خواہشمند طلبہ رجسٹریشن فارم 30 جنوری تک بغیر لیٹ فیس 2300/- روپے کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔فارم کی وصولی اور جمع کرانے کے لئے قائم مختلف بینک کاؤنٹرز واقع سلور جوبلی گیٹ جامعہ کراچی سے رجوع کیا جاسکتا ہے#ایل ایل ایم فائنل کے (Viva Voce) سالانہ امتحانات 2011 ، 06 جنوری سے شروع ہوں گے۔ ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق ایل ایل ایم فائنل کے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی شیڈول کے لئے اپنے پرنسپل سے آفس اوقات کار میں رجوع کرسکتے ہیں۔