2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:27
ا ین بی پی فٹ ٹورنامنٹ کا فائنل:کلری اسٹار نے ینگ تغلق کو شکست دیدی
جنگ نیوز -
کراچی …شکیل یامین کانگا… عامر بلوچ اور حبیب بلوچ کی عمدہ کارکردگی کی بدولت کلری اسٹار نے این بی پی ساؤتھ انٹرکلب فٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں ینگ تغلق فٹ بال کلب کو 2-0 کی شکست دیدی۔ ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم اور سردار عزیر بلوچ تھے۔ جنہوں نے فاتح ٹیم کو بیس ہزارروپے اور ٹرافی جبکہ رنرز اپ کو پندرہ ہزار روپے اور ٹرافی دی، عامر بلوچ کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہیں پانچ ہزار روپے دیئے گئے۔اقبال قاسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیاری کے عوام کاجذبہ فٹ بال میں دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے، یہاں آکر احساس ہوتا ہے کہ فٹ بال پاکستان میں کس قدر مقبول ہے۔ ہمارا ادارہ ہر سال اس ایونٹ کو اسپانسر کرے گا۔ سردار عزیر جان نے کہا کہ لیاری میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے فنڈز سے لیاری منی اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام شروع کئے جارہے ہیں، کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کے بارے میں مکمل حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے ایڈمنسٹریٹر محمد رئیسی، علی نواز بلوچ، یوسف سینئر، عبداللہ راہی، بلوچستان کے سابق صوبائی وزیرکھیل کرنل (ر) یونس چنگیزی غلام محمد خان، عبدالرزاق، شاہد رحمان، گلاب جان اور دیگر موجود تھے۔ ٹورنامنٹ میں کراچی کے 106 کلبوں نے شرکت کی۔ لیاری کے منی فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے فائنل میں کلری اسٹار اور ینگ تغلق کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پہلے ہاف میں بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں کلری اسٹار کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کی مظاہرہ کیا۔ 57 ویں منٹ میں کلری اسٹار کے عامر بلوچ نے پہلا جبکہ 78 ویں منٹ میں حبیب بلوچ نے گول کئے۔ فرید احمد میچ ریفری تھے۔