2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:38
قومی اسمبلی کا اجلاس ، ن لیگ اور ایم کیو ایم کا واک آؤٹ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے ملک میں گیس بحران اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ کیا۔ وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ گیس کی قیمت میں 14 فیصد اضافہ کوئی اتنا زیادہ نہیں ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت ہوا۔ ن لیگ نے گیس بحران اور ایم کیو ایم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کیا۔ ن لیگ کے برجیس طاہر نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم نے نئے سی این جی اسٹیشنز پر پابندی لگائی ہے اور دوسری طرف گزشتہ چار سال میں 500 نئے سی این جی اسٹیشنز لگائے گئے۔ ایم کیو ایم کے آصف حسنین نے توجہ دلاوٴ نوٹس پر کہا کہ بیوروکریسی حکومت کو غیر مستحکم کر رہی ہے اور حکومت بھی اس کی وکٹ پر کھیل رہی ہے ،حکومت عوام سے بے توجہی کا رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ ن لیگ اور ایم کیو ایم نے ایوان میں احتجاج اور اجلاس سے واک آوٴٹ کیا ۔ خورشید شاہ نے ایوان کو بتایا کہ پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں توازن کے لیے گیس کے نرخ بڑھائے گئے ہیں ، اپوزیشن تجاویز دے ، مل کر حل نکالتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گیس دے سکتی ہے ،پائپ لائنز میں گیس موجود ہے مگر گیس کمپنیز نااہل ہیں ان کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ منصوبہ بندی سے لوگوں کو سڑکوں پر لایا جا رہا ہے، جیسے بھی حالات ہوں، حکومت نہیں جائے گی، چند دنوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنا دیں گے۔ وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر قانون مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ اس وقت نیب میں 684 کیسز زیر التو ہیں، جن میں سے 25سیاستدانوں اور 334 سرکاری ملازمین کے خلاف ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ نیب نے گزشتہ تین سال کے دوران 164افراد کو سزا دی اور 125کو رہا کیاجبکہ ملزمان سے 9528ملین روپے برآمد کیے گئے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل (منگل کی) صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔