3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:5
راولپنڈی اسلام آباد میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، عوام پریشان
جنگ نیوز -
راولپنڈی/اسلام آباد… راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ چھ روز سے سی این جی کی بندش اور ٹرانسپورٹرز کی دوسرے روز ہڑتال سے عوام کے مسائل مزید گھمبیر ہو گئے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز نے چلنے والی گاڑیوں کو رکوانا شروع کردیا ہے۔ جڑواں شہروں میں سی این جی کی تین دن گیس لوڈ مینجمنٹ اور تین روز سے جاری ہڑتال اور دو روز سے ٹرانسپورٹ کی مسلسل بندش سے اسکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ویگن اسٹاپس پر مسافروں کا رش لگا رہا اور اکا دکا چلنے والی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے منہ مانگے کرائے وصول کئے جاتے رہے ،تاہم صبح آٹھ بجے کے قریب ہڑتال کرنے ٹرانسپورٹرز نے چلنے والی گاڑیاں رکوانا شروع کردیں اور مری روڈ کے کئی مقامات پر ڈنڈا بردار افراد کا چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر حملہ کیا۔ٹرانسپورٹروں نے جنگ باہتر موڑ کے قریب جی ٹی روڈ کو بند کردیا۔اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں احتجاج کیلئے مظاہرین کی شاہراہ کشمیر پر آمد جاری، طلباء کو بھی شرکت کیلئے لایاجارہا ہے۔ دوسری طرف شہر میں ہڑتال اور احتجاج کے پیش نظر پولیس کے دستے اہم مقامات پر تعینات کر دئیے اور سڑکوں کی ممکنہ بندش رکوانے کیلئے پولیس کی بکتربند اور قیدیوں والی گاڑیاں بھی پہنچادی گئیں ہیں۔