تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 7:27

حسین حقانی کی جان کو خطرہ، اضافی سیکیورٹی میں وزیراعظم ہاوٴس میں محصور

جنگ نیوز -


کراچی…رفیق مانگٹ…امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی وزیر اعظم ہاوٴس کے گیسٹ انیکس میں محصور ہیں،ان کی جان کو لاحق خطرے کے پیش نظر اضافی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ منصور اعجاز’ ٹروجن ہارس‘ ہو اورممکن ہے کہ وہ امریکا کا جاسوس ہو۔امریکی اخبار بوسٹن گلوب کے مطابق پاکستان سازشی نظریات اور امریکا پر گہری بد اعتمادی سے لگا وٴ رکھتا ہے۔2001ء کے بعدپاکستان میں یہ رائے پختہ تھی کہ امریکا نے اپنے لوگوں کو مروانے کا 9/11کا ڈرامہ افغانستان میں آنے کیلئے کیا،اس لیے نام نہاددہشت گردی کے خلاف پاک امریکا اتحاد ہمیشہ سے دشوار رہا۔ دس برس سے چلنے والی جبری شادی بھیانک علیحدگی پر منتج ہوئی۔ریمنڈ ڈیوس کا لاہور میں دو پاکستانیوں کا قتل کرنا ،ایبٹ آباد میں اسامہ کی ہلاکت کیلئے حملہ، عوامی سطح پر پاک فوج کو ہدف تنقید ، نومبر کے نیٹو فضائی حملے میں 26پاکستانی فوجیوں کی شہادت اور صدر اوباما کا ذاتی طور پر اس واقعے پر معذرت نہ کرنے جیسے واقعات کے تسلسل نے اس بات کی تصدیق کردی اور پاکستانیوں کے دل و دماغ میں بٹھادیا کہ امریکا کسی بھی صورت میں پاکستان کا خیر خواہ نہیں۔ ان تعلقات کے تناوٴ کی واضح علامات بوسٹن یونیورسٹی کے سابق پروفیسر اور امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف عوامی الزامات کی صورت میں سامنے آئے۔ حقانی میمو تنازع سے راہ فرار اختیار کرکے بوسٹن واپس آسکتا تھا جہاں یونی ورسٹی میں اس کی جاب انتظار میں تھی اور وہ پر سکون زندگی میں واپس لوٹ سکتا تھا لیکن اس نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات سے لڑنے کا فیصلہ کیا، اخبار لکھتا ہے کہ آج حسین حقانی کو وزیر اعظم ہاوٴس میں ملحقہ مہمان خانے میں محصور رکھا گیا ہے اسے قتل سے بچانے کیلئے اضافی سیکیوریٹی فراہم کی گئی اور وہ عدالت کی اجازت کے بغیر پاکستان نہیں چھوڑسکتے۔ حقانی کی نمائندگی کرنے والے وکیل عاصمہ جہانگیرکا کہنا ہے کہ یہ ایک شدید اور ڈراونا وقت ہے ۔ میمو اسکینڈل کے روح رواں منصور اعجاز کے بارے اخبار لکھتا ہے کہ وہسنسنی خیز دعووں کی تاریخ رکھتا ہے۔ عراق جنگ کے دوراس نے کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کے بارے علم رکھنے کا منصور نے دعوی کیا ، اسامہ بن لادن کی تلاش کے دوران ، انہوں نے ان کے چھپانے کے تفصیلی وضاحت دی ، ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے ایران کو روکنے کے لئے سفارتی کوششوں کے دوران اعجاز نے اعلان کیا کہ ایران کے پاس پہلے ہی سے ایٹم ہتھیار ہیں۔اب پاکستانی اعجاز کے بارے مزیدار سازشی نظریات کے چکر میں ہیں کہ اس نے اپنے سابق دوست کو کیوں برباد کرنے کی کوشش کی۔ہوسکتا ہے یہ ٹروجن ہارس ہو جسے زرداری کا تختہ الٹنے کیلئے فوج نے بھیجا ہو اور ہو سکتا ہے کہ یہ امریکی جاسوس ہو۔اب حقانی کی سیاسی بقا اسی میں ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے سامنے یہ ثابت کرے کہ دستخط کے بغیر ایک صفحے کے مذکورہ میمو سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.