3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:38
سینٹ اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے، امین فہیم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز… وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ سینٹ اور عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہونگے، سیاسی جماعتیں اور تمام ادارے ایک ہی سمت میں چلیں تو ملک کے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اگر حکومت کو پورا وقت ملے گا تو پھر اس سے جمہوریت بھی مضبوط ہو گی اور عوام آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے جو فیصلہ کریں گے وہ سب کو قابل قبول ہو گا۔ سینٹ اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کے حل کیلئے سیاسی لوگ اور تمام ادارے ایک ہی سمت میں چلیں تو ملک کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کیخلاف کئی برسوں سے پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جو لوگ ان کیخلاف پراپیگنڈہ کر رہے ہیں انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا اور وہ ناکام رہیں گے۔