3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 10:28
قومی اسمبلی، اے این پی اور ایم کیو ایم اراکین میں تلخ جملوں کا تبادلہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد… نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پرحکومت کے اتحادیوں ایم کیوایم اوراے این پی کے ارکان کے درمیان قومی اسمبلی میں تلخ کلامی ہوئی ، جس کے باعث ایوان کی کارروائی کچھ دیرکیلئے معطل کرناپڑی۔ پارلیمینٹیرینزکے ترقیاتی فنڈزجاری نہ کرنے پرمسلم لیگ ن کے ارکان نے واک آوٹ کیا۔ وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے ایوان کو بتایاکہ وزیراعظم کی منظوری سے ترقیاتی فنڈزجلدجاری کردئے جائیں گے۔ وفاقی وزیرخورشید شاہ کاکہناتھاکہ ہم ایک دوسرے کو چور کہہ کر 90ء کی دہائی کی طرف جارہے ہیں۔ ایم کیوایم کے حیدرعباس نے جب یہ کہاکہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے ان کی قراردادکو ایوان میں زیر بحث لایاجائے تو اے این پی کے غلام احمدبلور نے کہاکہ صوبائی معاملے کو قومی اسمبلی میں لانے کی کوشش کی گئی ہے،صوبے کو تقسیم کرنے کا حق صرف صوبائی اسمبلی کوحاصل ہے۔اس کے بعددونوں ارکان کے درمیان تلخ جملوں کاتبادلہ ہوا۔۔اس سے کچھ دیرقبل ایم کیوایم کے ارکان سرائیکی اور ہزارہ صوبہ کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ، پیپلز پارٹی کے جمشید دستی اور نورعالم نے بھی ا ن کاساتھ دیا۔