3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:54
پنجاب اسمبلی:اسکولوں، کالجوں میں موبائل فون پر پابندی، قرارداد منظور
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی نے اسکولوں اور کالجوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی سمیت پانچ قراردادیں متفقہ طور پر منطور کر لیں،اپوزیشن نے صوبے میں جرائم کی صورت حال پر احتجاج کرتے ہوئے واک آوٴٹ کیا ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا ،اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے صوبے میں جرائم کی صورتحال پراظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کی تاریخ میں اتنے جرائم کبھی نہیں ہوئے، وزیراعلیٰ کہیں سو رہے ہیں،پولیس کا کہیں کنٹرول نہیں،تھانوں میں رشوت کا ریٹ بڑھ گیا ہے،وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپوزیشن والوں نے ملک کو لوٹا ہے ، رشوت کا ریٹ کہاں 10فیصد بڑھا اور کہاں 100فیصد،وہ سب بتائیں گے، اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٴٹ کیا ،ایوان میں مفاد عامہ کی پانچ قراردادیں منظور کی گئیں،جن میں اسکولز اور کالجز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی ،خوشاب میں کارڈیالوجی سینٹر کا قیام ،بوریوالہ میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب اورسرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی قراردادیں شامل ہیں،اسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح 10 بجے تک ملتو ی کر دیا۔