3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:5
گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرہ کرنیوالوں پرتشدد، جماعت اسلامی کی مذمت
جنگ نیوز -
لاہور…جماعت اسلامی کے امیر سیدمنورحسن نے راولپنڈی ، اسلام آباداور پشاور میں گیس اور سی این جی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرین پر آنسو گیس اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام گرفتار افراد کو فی الفور رہا کرکے ان پر قائم مقدمات ختم کیے جائیں۔منصورہ سے جاری اپنے بیان میں سید منورحسن نے کہا کہ حکومت نے عوام سے ان کی بنیادی سہولیات چھین کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے غلط اقدامات اور پالیسیوں کی بدولت لاکھوں مزدور اور صنعتی کارکن بیروزگار ہوگئے ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ہے۔ سید منورحسن نے تاجروں اور صنعتی یونٹوں کے مالکان کی طرف سے تحریک چلانے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی 6 جنوری کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔