3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:16
بم دھماکوں میں بے گناہوں کو خاک و خون میں نہلانا بزدلانہ عمل ہے ، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ، خیبر ایجنسی لنڈی کوتل بازار ،پشاور میں یونیورسٹی روڈ اور گجرات کے علاقے گورالی میں بم دھماکوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے ان واقعات میں متعدد افراد کی شہادت اوردرجنوں افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ معصوم اور بے گناہ انسانوں کی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گرد سفاک اور درندہ صفت ہیں اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں تین جگہوں پر پے درپے بم دھماکوں کی کارروائیاں کرکے بے گناہ افراد کو خاک و خون میں نہلانا بزدلانہ عمل ہے اور یہ کارروائیاں ثابت کررہی ہے کہ اس میں ملوث دہشت گرد انسانیت سے عاری اور جہل کی تاریکیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلح افواج سمیت ملک و قوم دہشت گردی کے خلاف صف آراء ہے اور پے درپے بم دھماکے کرکے دہشت گردی کے خلاف عزم و حوصلوں کو ہرگز پسپا نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی خوفزدہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے خیبر ایجنسی لنڈی کوتل بازار ، پشاور اورگجرات میں بم دھماکوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ خیبر ایجنسی لنڈی کوتل بازار ، پشاور اور گجرات میں بم دھماکوں کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردوں سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور بم دھماکوں میں ملوث دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔دریں اثناء الطاف حسین نے ایم کیوایم نارتھ امریکہ کے نگران اعلیٰ اورسابق وفاقی وزیرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی کے تایامحمودحسین صدیقی کے انتقال پر دلی افسوس اورگہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔محمودحسین صدیقی کاآج کراچی میں انتقال ہوگیا۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی ،ان کے والد سمیت مرحوم تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ محمودحسین صدیقی مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اورتمام لواحقین کوصبرجمیل عطافرمائے۔ دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزڈاکٹرفاروق ستار، انیس احمدقائم خانی اوررابطہ کمیٹی کے تمام ارکان نے بھی ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی سے ان کے تایاکے انتقال پر افسوس کااظہارکیاہے اوردعاکی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورتمام سوگوارلواحقین کویہ صدمہ برداشت کرنے کاحوصلہ عطاکرے۔