3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:16
نواز شریف کی سوچ آمرانہ ہے،وہ بتائیں اہلیان کراچی کا قصور کیاہے،حیدرعباس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی نے قومی اسمبلی میں اپنی ایک تقریری میں نواز شریف کے کراچی میں فوجی عدالتیں لگانے کے بیان پر اپنے شدید ردعمل کا ظہار کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف صاحب کا یہ بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ،غیر جمہوری،غیرآئینی اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف وزری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بیان نواز شریف کی آمرانہ سوچ کا آئینہ دار ہے 1998ء میں بھی کراچی میں نواز شریف نے فوجی عدالتیں قائم کرنے جیسا غیر جمہوری غیر قانونی غیر آئینی اور گھناؤ نے فعل انجام دیا تھا جس کو اس وقت کی اعلیٰ ترین عدلیہ نے کالعدم قرار دیتے ہوئے غیر آئینی قرار دیا تھااور کراچی کے بے گناہ او رمعصوم افراد کو جن فوجی عدالتوں کے ذریعے پھانسی اور دیگر بد ترین سزائیں دی گئی وہ بھی غیر آئینی اور غیر جمہوری تھیں۔نواز شریف کے اس بیان سے یہ ثابت ہو تاہے کہ وہ اعلیٰ ترین عدلیہ کے فیصلوں کا کس قدراحترام کر تے ہیں اور اس سے یہ بھی ظاہر ہوتاہے کہ آئندہ کبھی خدا نخواستہ اگر وہ اقتدار میں آگئے تو اہلیان کراچی کو کچلنے کیلئے وہ کسی بھی ماورائے آئین اور کسی بھی قسم کی انسانی حقوق کو پامال کر تے ہوئے کوئی بھی انتہائی قدم اٹھانے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والوں پر فوجی عدالتوں کے قیام کا ایک بارپھر خواب دیکھنے والے کیا اہلیان کراچی کو یہ بتانا پسند فرمائیں گے کہ اہلیان کراچی کا قصور کیا ہے۔ حیدر عباس رضوی نے کہاکہ فوجی عدالتوں کے قیام کا اعلان فرما کر انہوں نے یہ بات بھی ثابت کر دی کہ 1999ء میں فوجی حکمرانوں کے دور میں ان پر بنائے گئے مقدمات اور ان کو دی جانیوالی سزائیں درست تھیں ۔ و گر نہ عوامی لیڈر جو کچھ اپنے لئے سوچتاہے وہی وہ اپنے عوام کیلئے بھی سوچتاہے ، حیدر عباس رضوی نے کہاکہ یہ آمرانہ طرزفکر وعمل مسلم لیگ(ن) کو سیاسی خودکشی تک لے آیاہے اور کراچی کو ئی مفتوحہ علاقہ نہیں ہے جس کیلئے وہ فوجی عدالتوں قائم کرنے کیلئے سوچ رہے ہیں ۔دریں اثناء حق پرست سینیٹرز نے کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کی قیادت میں غریب و متوسط طبقے کا انقلاب ملک بھر میں دستک دے رہا ہے اور20جنوری کو سکھر میں ہونے والے ایم کیوایم کے جلسہ عام کی تاریخ ساز کامیابی ملک میں آنے والے غریب ومتوسط طبقے کے انقلاب کی نوید ہوگی ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ایک انقلابی تحریک ہے اور اس کے سیاست میں آنے کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے اور قائد تحریک واحد لیڈر ہیں جو بلاتفریق ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کے حقوق کے حصول کی عملی جدوجہد کررہے ہیں ۔ ایم کیوایم واحد جماعت ہے جس نے ملک کے ایوانوں میں غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے افراد کو نہ صرف انتخابات کے ٹکٹ دیئے بلکہ انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کراکرجاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے برابر بیٹھا دیا ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں آج انقلاب انقلاب کا نعرہ لیکر ہر سیاسی جماعت نکل پڑی ہے لیکن اس انقلاب کی بنیاد اگر سچائی کی بنیاد پر دیکھی اور پرکھی جائے وہ قائد تحریک الطاف حسین بہت پہلے ہی رکھ چکے ہیں ۔