3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:16
بیرون ملک زیادہ تر پاکستانی پی پی سے وابستہ ہیں،وزیراعلیٰ سے نعیم آرائیں کی گفتگو
جنگ نیوز -
کراچی…سید منہاج الرب…پیپلز پارٹی ٹیکساس اور جاپان کے مشترکہ وفد نیمنگل کو وزیراعلیٰ سندھ اورسندھ پیپلز پارٹی کے صدر قائم علی شاہ سے چیف منسٹر ہاؤس میں ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ امریکا اور جاپان میںآ باد پاکستانیوں کی بھاری اکثریت کا تعلق پیپلز پارٹی سے وابستہ افراد کی ہے جوکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے پروگرام،وژن اور فلسفے پر عمل پیرا ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے امریکا اور جاپا ن کے پارٹی وفود کو بتایا کہ حکومت سندھ نے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں میں شرکت کیلئے متوقع سرمایہ کاروں کیلئے ترغیبات دی ہیں، جبکہ ان منصوبوں میں بھرپور شرکت کیلئے انفرااسٹرکچر کا انتظام کیا ہے۔ سید قائم علی شاہ نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں تھرکول و انرجی منصوبے کیلئے بیشتر ممالک کے سرمایہ کار حصہ لے رہے ہیں، جن میں چین، کوریا، برطانیہ کی کمپنیاں شامل ہیں اور وہاں راستے پانی، بجلی، ٹیلیفون و دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ایئرپورٹ، ریلوے لائین، ھائی پاور بجلی ٹرانسمیشن لائن اور دیگر سہولیات کی فراہمی جلد مکمل کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پروگرام کے تحت صوبہ سندھ میں کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، جن میں حیدرآباد، میرپورخاص کی دہری شاہراہ کی تعمیر جلد مکمل ہونیوالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت، دستکاریوں،میوہ جات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جس کیلئے بیرونی ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے ترغیبات، ان تک پہچانی ضروری ہے۔سید قائم علی شاہ نے امریکہ اور جاپان میں پارٹی کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ ملکی خدمات اور جذبے کے تحت ان ممالک میں سرمایہ کاروں کو سہولیات سے آگاہ کریں، تاکہ صوبہ سندھ میں موجود قدرتی وسائل میں ان کی شرکت کی یقینی بنایا جا سکے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم سب کو اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام وسائل اور ذرائع کو استعمال کرکے اپنے وطن کو ترقی کی منزل کی جانب رواں دواں رکھنا ہے۔ امریکا اور جاپان سے آئے ہوئے پارٹی عہدیداروں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ امریکا اور جپان میں تجارتی حلقوں اور سرمایہ کاروں کو ان ترغیبات سے آگاہ کرینگے اور انہیں پاکستان میں بھرپور سرمایہ کاری کیلئے راغب کرینگے۔ ملاقات میں سید ریاض حسین صدر پیپلز پارٹی ٹیکساس(امریکہ)،فہد حسین جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی ٹیکساس(امریکہ)، توفیق داندیہ خزانچی پ پی پی ٹیکساس، نعیم الغنی آرائیں صدر پیپلز پارٹی جاپان، شہباز بٹ رکن سینٹرل کمیٹی جاپان، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی،سینئر معاون خصوصی راشد حسین ربانی اور سعید غنی نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مہمانوں کو سندھ کی روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کی۔