3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:27
ایبٹ آباد کمپاؤنڈ سے اسامہ کے پونے دو لاکھ دستاویزات برآمد
جنگ نیوز -
اسلام آباد … ایبٹ آباد میں اسامہ کے مبینہ کمپاوٴنڈ سے ایک لاکھ 87ہزار ڈاکومنٹس ملے ہیں، کمیشن ذرائع کا کہناہے کہ ڈاکومنٹس میں اسامہ کے زیراستعمال ڈائریاں، خط و کتابت اور دیگر اہم دستاویزات شامل ہیں کمپاوٴنڈ سے ملنے والے ڈاکومنٹس زیادہ تر عربی اور دیگر مختلف زبانوں میں ہیں جن کا ترجمہ کرایا جارہا ہے، اسلام آباد میں ایبٹ آباد کمیشن کا اجلاس جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت ہوا، جس میں صحافی اور سیاسی رہنماوٴں نے اپنے بیانات قلم بند کرائے، کمیشن کے اعلیٰ سطح ذرائع نے جیو نیوز کے نمائندے آصف علی بھٹی کو بتایا کہ ایبٹ آباد میں اسامہ کے مبینہ کمپاوٴنڈ سے ایک لاکھ 87 ہزار ڈاکومنٹس ملے تاہم زیادہ تر ڈاکومنٹس امریکی حملہ آور اپنے ساتھ لے گئے، کمیشن ذرائع کا کہناہے کہ ڈاکومنٹس میں اسامہ کے زیراستعمال ڈائریاں، خط و کتابت اور دیگر اہم دستاویزات شامل ہیں کمپاوٴنڈ سے ملنے والے ڈاکومنٹس زیادہ تر عربی اور دیگر مختلف زبانوں میں ہیں جن کا ترجمہ کرایا جارہاہے جبکہ کچھ انگریزی زبان میں بھی تحریریں ملی ہیں تاہم ان کی تعداد بہت کم ہے، ذرائع کا کہناہے کہ یہ ڈاکومنٹس انٹیلی جنس اداروں کی تحویل میں ہیں جو خود اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس کا ترجمہ بھی کروا رہے ہیں، ذرائع کا کہناہے کہ کمیشن ڈاکومنٹس کی معلومات کے حصول کے بعد سفارشات کو حتمی شکل دے گا، ذرائع کمیشن کا یہ بھی کہناہے کہ اسامہ کی موجودگی کی تصدیق کا عمل جاری ہے جس میں اسامہ کی بیواوٴں اور دیگر ثبوتوں کو مدنظر رکھا جارہاہے ذرائع کا کہناہے کہ واقعہ کی مکمل رپورٹ حکومت کو دیں گے،عوام کے لئے اوپن کرنا حکومت کا کام ہے۔