3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:6
کوئٹہ:آبی ذخائر میں کمی، شہریوں کو ہجرت کرنا پڑسکتی ہے، گورنر بلوچستان
جنگ نیوز -
کوئٹہ … گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے کوئٹہ شہر میں خصوصاً اور اندرون صوبہ عموماً پانی کے ذخائر کی تیزی سے کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرپانی کے وسائل میں اضافہ کے لئے سنجیدگی سے توجہ نہ دی گئی تو کوئٹہ کے شہریوں کو ہجرت بھی کرنا پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر منصوبے بنائے جائیں، زیادہ سے زیادہ ڈیم تعمیر کئے جائیں تاکہ لوگوں کو نہ صرف پینے کا پانی فراہم کیاجاسکے بلکہ زراعت کے لئے بھی پانی دستیاب ہوسکے۔ اس کے علاوہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے بھی منصوبے تشکیل دیئے جائیں تاکہ نہ صرف بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے بلکہ سیلابوں سے ہونے والے نقصانات سے بھی بچا جاسکے گورنر نے لوگوں سے بھی کہا کہ وہ بھی اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پانی کو ضائع ہونے سے بچائیں اور اپنی مدد آپ کے تحت بھی کام کریں۔