تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:17

بے نظیر قتل کیس:سپریم کورٹ میں سماعت کل سیشروع

جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ بے نظیر بھٹو قتل سازش میں پرویز مشرف ، رحمان ملک ، بابر اعوان سمیت 12افراد کیخلاف دوسری ایف آئی آر کے اندارج کے حوالے سے اپیل کی سماعت کل(بدھ سے) شروع کررہی ہے جب کہ بابر اعوان اور وفاقی وزرا کی یکم دسمبر کوعدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز پریس کانفرنس کے خلاف عدالتی کارروائی بھی کل سے شروع ہو رہی ہے ۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی خصوصی بینچ اس اہم کیس کی سماعت کل سے شروع کر رہا ہے۔ بے نظیر بھٹو کے سابق پروٹوکول افسرچوہدری محمد اسلم نے بی بی قتل کیس کی دوسری ایف آئی آر کے اندراج کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی تھی جومسترد کر دی گئی۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل داخل کی جس کی ابتدائی سماعت کے بعد چیف جسٹس نے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا۔ چوہدری اسلم نے سابق صدر پرویز مشرف ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ ، سابق ڈی جی آئی بی ، اعجاز شاہ ،سابق وزیر داخلہ حامد نواز، سابق سیکریٹری داخلہ کمال شاہ ،پولیس افسران عرفان الہیٰ ،سعود عزیز ، یاسین فاروق،خرم شہزاد ،پیپلز پارٹی کے بابر اعوان اور رحمان ملک کے خلاف ایف آئی آر کے اندارج کی درخواست کی ہے۔ چوہدری اسلم کی طرف سے رشید اے رضوی ایڈووکیٹ پیش ہوں گے جب کہ عدالت نے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔اس کیس کی سماعت کے بعد جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اطہر سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ بابر اعوان اور وفاقی وزراکی عدلیہ مخالف پریس کانفرنس اور اس حوالے سے وزیر اعظم کے دو جوابات پر عدالتی کارروائی بھی شروع کرے گااس ضمن میں اٹارنی جنرل کو نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.