4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 2:55
کراچی:ریڈ زون میں جلسے، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے انتہائی حساس علاقے ریڈ زون میں جلسے، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ پابندی عائد کرنے کی وجہ ممکنہ دہشت گردی اور گزشتہ دنوں گورنر ہاوٴس پر ہونے والا دھرنا تھا۔کراچی پولیس چیف اختر گورچانی نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا سینٹرل پولیس آفس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا، شہر کے حساس علاقوں پر مشتمل ریڈ زون میں آئندہ کسی بھی جلسے، جلوس یا ریلی کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے بھی ریلی نکالنے کی کوشش کی گئی تو اسے روکا جائے گا۔ اختر گورچانی کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ دنوں گورنر ہاوٴس پر ہونے والے دھرنے کے بعد کیا گیا۔ کراچی کے انتہائی حساس قرار دیئے جانے والے ریڈ زون میں سپریم کورٹ، سندھ ہوئی کورٹ، گورنر ہاوٴس،وزیر اعلیٰ ہاوٴس،سندھ اسمبلی بلڈنگ، سندھ سیکریٹریٹ، سینٹرل پولیس آفس، رینجرز ہیڈ کوارٹرز،حساس اداروں کے دفاتر، ہائی پروفائل لوگوں کے گھر، قونصل خانے، فائیواسٹار ہوٹل، آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع کاروباری اور تجارتی مراکز، کلفٹن ،ڈیفنس اور صدر کے بعض علاقے شامل ہیں۔