4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 6:17
فوجی عدالتوں کا راستہ بند کردیا، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد… چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے بھٹو صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیئے، فوجی عدالتوں کا راستہ بند کر دیا ہے۔ مسلم لیگ نون کے صدر نوازشریف کی طرف سے دو روز قبل دورہ سندھ میں فوجی عدالتوں سے متعلق مبینہ بیان پر تنقیدی صدائے بازگشت ، پارلیمانی ایوانوں کے بعد آج عدالت عظمی میں بھی سنائی دی گئی۔ فوجی عدالتوں سے متعلق نوازشریف سے منسوب بیان پر گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بھی تنقید ہوئی تھی ، چیف جسٹس افتخارچودھری نے آج گیارہ رکنی بنچ کی سربراہی کرتے ہوئے بھٹو ریفرنس کی سماعت میں ایک موقع پر فوجی عدالتوں سے متعلق ریمارکس دئے، چیف جسٹس نے کہاکہ اس ملک میں کیا پہلے کم مہم جو آئے ہیں ، انہوں نے کہاکہ فوجی عدالتوں کا راستہ بند کیا جاچکا ہے اور اس بارے میں کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیئے۔