4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:55
آئس لینڈ کا آتش فشاں ایک بار پھر پھٹنے کے لئے تیار
جنگ نیوز -
رِک یاوِک…این جی ٹی…پچھلے سال آئس لینڈکے ایک آتش فشاں نے خوفناک تباہی پھیلائی تھی تو اس سال ایک اور آتش فشاں اس سے بھی زیادہ تباہی پھیلانے کے لیے کم و بیش تیار ہوچکا ہے۔گذشتہ سالEyjafjallajokullنامی آتش فشاں کے پھٹ پڑنے سے آئس لینڈ کے آس پاس کے علاقوں میں بیحد تباہی ہوئی اور کئی دنوں تک بہت سے ممالک کی فضائی کمپنیوں کو سفر معطل رکھنا پڑا جس سے ان کو شدید نقصان بھی پہنچا۔ اس سال آئس لینڈکےEyjafjallajokullسے بھی بڑا ایک اور آتش فشاںKatlaپھٹنے کے لیے مکمل تیار ہوچکا ہے جو لاوا اور راکھ اُگلنے کے لیے متحرک نظر آرہا ہے جبکہ سائنسدانوں کے اندازوں کے مطابق اس آتش فشاں سے گذشتہ سال کی نسبت زیادہ تباہی متوقع ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ پچھلے دو تین روز میں اس آتش فشاں میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں تاہم یہ ضروری نہیں کہ یہ فوری پھٹ پڑے لیکن پھٹنے کے لیے مکمل تیارضرور ہوگیا ہے۔ماہرینِ ارضیات کے اندازوں کے مطابق اس آتش فشاں کے پھٹنے سے جہاں عالمی سطح پر فضائی ٹریفک کی روانی بُری طرح متاثر ہوگی وہیں گلیشیر زکے پگھلنے سے سیلاب آنے کا بھی اندیشہ ہے ۔