4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:17
فوجی عدالتوں کے ذریعے جبر ڈھانے والوں کا انجام عبرتناک ہوا،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ تخت لاہورکے بادشاہوں نے کراچی میں فوجی عدالتیں قائم کرنے کی باتیں کر کے ایک بار پھر ثابت کردیاہے کہ وہ جمہوریت پرنہیں بلکہ آمریت پریقین رکھتے ہیں ، ہم مظلوم عوام کے حقوق کیلئے جدوجہدکررہے ہیں اورہم انہیں تخت لاہور کے ظلم سے نجات دلاکردم لیں گے۔انہوں نے ان خیالات کااظہاربدھ کو ملتان میں ایم کیوایم کی زونل کمیٹی کے ارکان سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہرآمروقت نے اپنے دورمیں فوجی عدالتیں قائم کرکے مظلوم عوام کو ظلم وجبرکانشانہ بنایالیکن وقت نے ثابت کیاکہ ہرظالم کاانجام عبرتناک ہوا۔انہوں نے کہاکہ تخت لاہورکے بادشاہوں نے ماضی میں بھی کراچی میں فوجی عدالتیں قائم کیں اور ہزاروں معصوم وبے گناہوں کوشہیدکیا، ایساکرنے والے ظالم ہیں ،عوام انہیں اچھی طرح پہچان چکے ہیں اورانہیں مستردکررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم جوکہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں، ہم نے سرائیکی عوام سے وعدہ کیاتھاکہ ہم ایوانوں میں ان کے حقوق کی آوازاٹھائیں گے لہٰذاہم نے ایوانوں میں سرائیکی صوبہ کی قراردادپیش کرکے اپنے وعدے کوپوراکردکھایا۔مظلوم سرائیکی عوام کوتخت لاہورسے نجات حاصل ہوگی۔ الطا ف حسین نے سرائیکی عوام سے کہاکہ وہ سرائیکی صوبہ کی مخالفت کرنے والے تخت لاہورکے بادشاہوں کوپہچان لیں اوران کاساتھ نہ دیں۔یہ بڑے بڑے محلات میں رہتے ہیں اورغریبوں کی بات کرکے عوام کوگمراہ کرتے ہیں لیکن عوام انہیں اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔