تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 16:17

ہزارہ اور سرائیکی صوبے کے قیام تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، الطاف حسین

جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ہزاروال اور سرائیکی بیلٹ کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ایم کیوایم ہزارہ اورسرائیکی صوبے کی قرارداد کو قانون بنانے کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی اور مظلوم عوام کو ہرگز مایوس نہیں کرے گی، ہم صوبہ ہزارہ اور سرائیکی صوبے کے قیام تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ یہ بات انہوں نے تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد اور بزرگ رہنما بابا حیدر زمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ الطاف حسین نے کہا کہ ملک بھر کے مظلوم عوام کی طرح ہزارے وال کے مظلوم عوام بھی میرے اپنے ہیں اور ایم کیوایم نے ان کی خواہشات اور امنگوں کی ترجمانی کرکے ان پر کوئی احسان نہیں کیابلکہ اپنافرض اداکیاہے۔ ایم کیوایم خلق خدا کی بے لوث خدمت پریقین رکھتی ہے ، جب صوبہ خیبرپختونخوااور آزادکشمیر میں قیامت خیز زلزلہ آیا تو ایم کیوایم واحد جماعت تھی جس نے زلزلہ متاثرین کو پاکستانی قوم کا حصہ سمجھ کرایک سال تک انکی عملی مدد کی ۔انہوں نے ایم کیوایم کی جانب سے پیش کردہ ہزاروال اور سرائیکی صوبے کی قرارداد کی حمایت کرنے والی جماعتوں کاشکریہ اداکیااوربعض جماعتوں کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کرنے پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم مظلوموں کے ساتھ مل کر نہ صرف ان عوام دشمن جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی بلکہ ان کا دھڑن تختہ بھی کردے گی ۔ انہوں نے بابا حیدرزمان سے کہاکہ وہ مظلوموں کوحقوق کیلئے اٹھنے والی آواز کی مخالفت کرنے والوں کی بالکل پرواہ نہ کریں ، ایم کیوایم نے ان عوام دشمن قوتوں کے بڑے مظالم کا سامنا کیاہے ، حق پرستی کی اس جدوجہد میں میرے بڑے بھائی ناصرحسین اور بھتیجے عارف حسین سمیت ہزاروں ساتھی شہید ہوچکے ہیں۔انشاء اللہ عوام دشمن جماعتوں کی مخالفت سے مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد کا یہ سفر ہرگز نہیں رکے گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہم نے صوبہ ہزارہ اور سرائیکی صوبے کی قرارداد پیش کردی ہے، یہ قرارداد بحث کیلئے منظور ہوگئی ہے ،ہم اس قرارداد کو قانون بنانے کی جدوجہد کرتی رہیں گے اور صوبہ ہزارہ اور سرائیکی صوبے کے قیام تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انھوں نے علالت اور ضعیف العمری کے باوجود ہزارے وال کے مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد کرنے پر بابا حیدرزمان کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔ بابا حیدرزمان نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں صوبہ ہزارہ کی قرارداد پیش کرنے پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دیگرجماعتوں نے ہزارے وال کے نام پرسیاست کی لیکن ایم کیوایم نے قرارداد پیش کرکے ہزارے وال کی امنگوں اورخواہشات کی ترجمانی کی ہے اوران پر احسان کیا ہے۔ ایم کیوایم نے ایوانوں میں ہزارہ صوبہ کی قرارداد پیش کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ غریبوں اور مظلوموں کی سچی جماعت ہے۔ انشاء اللہ ہزاروال کے عوام احسان کا بدلہ احسان سے ادا کریں گے ،ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو غریب عوام کے مسائل سے نہ صرف واقف ہے بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی جدوجہد بھی کررہی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں اسٹیٹس کو برقراررکھنے اور قومی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں ۔












متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.