4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:28
ٹیکس فری خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کا بل منظور
جنگ نیوز -
اسلام آباد … سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون نے ٹیکس فری خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کا بل منظور کرلیا ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر کاظم خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ بل کے مطابق چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جائیں گے، ٹیکس فری زونز فاٹا میں بھی قائم کیے جا سکیں گے۔ خصوصی اقتصادی زون کا قیام 50 ،ایکڑ اراضی پر ہوگا، جہاں ون ونڈو آپریشن ہوگا۔ اقتصادی زون قائم کرنے کی اجازت ملنے پر تعمیر 6 ماہ میں مکمل کرنا ہوگی جبکہ پیداواری عمل 2 سال میں شروع کرنا ہوگا۔ اقتصادی زونز کی منظوری کے لئے بورڈ کا سربراہ وزیراعظم اور وائس چیئرمین وزیر خزانہ ہو گا۔ بورڈ کے دیگر ارکان میں پیداوار، تجارت اور سرحدی امور کے وزراء اور دو اراکین پارلیمنٹ شامل ہوں گے۔ کمیٹی سے منظوری کے بعد اب یہ بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔