4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:40
نواز شریف جمہوریت کیساتھ فوجی عدالتوں کی بات کرتے ہیں، منور حسن
جنگ نیوز -
کراچی … امیر جماعت اسلامی منور حسن کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی بات کرنے والے میاں نواز شریف ایک ہی سانس میں جمہوریت کے علمبرادر ہیں تو دوسری جانب فوجی عدالتوں کی بات کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا سرا جہاں سے ٹوٹا تھا وہیں سے جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کراچی بیت الرضوان کلفٹن میں واقع شاہ احمد نورانی کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد صدر جمعیت علمائے پاکستان صاحبزادہ ابوالخیر زبیر اور امیر جماعت اسلامی منور حسن نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کی سلامتی اور خود مختاری داو پر لگادی ہے۔ قوم کی نگاہیں مذہبی جماعتوں پر لگی ہوئی ہیں ایم ایم اے کے سربراہ اجلاس کے لئے مشاورت جاری ہے۔ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے مزید کہا کہ مذہبی جماعتیں ہی ملک کو بحرانوں کے بھنور سے نکال سکتی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی منور حسن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا سرا جہاں سے ٹوٹا تھا وہیں سے جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایم ایم اے میں شامل جماعتیں اپنے اپنے دائرے میں متحرک ہیں جیسے ہی کسی فیصلے پر پہنچے تو متحد ہوکر فعال کرداد ادا کریں گے۔ منور حسن نے کہا کہ کوشش ہے کہ ایم ایم اے جس اسباب سے بے حال ہوئی مستقبل میں ایسا نہ ہو ان تمام تحفظات کے دور ہونے پر مجلس عمل فعال ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی بات کرنے والے نواز شریف ایک ہی سانس میں جمہوریت کے علمبرادر ہیں تو دوسری جانب فوجی عدالتوں کی بات کرتے ہیں۔ منور حسن نے کہا کہ کراچی کے مسئلے کا حل سادہ سا ہے پیپلز پارٹی تنہا سندھ حکومت چلائے اور ایم کیو ایم اپوزیشن میں بیٹھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند روز اہم ہیں قوم کی نظریں سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن پر ہیں۔ منور حسن کا کہنا تھا کہ لوگ سڑکوں پر نکل رہے ہیں اگر مسائل حل نہ ہوئے تو حالات خونی انقلاب کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔