4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 17:51
لال مسجد رینجرز اہلکار قتل کیس : ایس ایچ او آبپارہ کو نوٹس جاری کرنیکا حکم
جنگ نیوز -
راولپنڈی … انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نے لال مسجد رینجرز اہلکار قتل کیس میں گواہ پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او آب پارہ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رینجرز اہلکار کے قتل کیس میں لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز، ان کے اہل خانہ اور دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ ایک مرتبہ پھر استغاثہ کے گواہ عدالت میں پیش نہیں کئے جاسکے، جس پر عدالت نے ایس ایچ او آب پارہ پولیس اسٹیشن کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ ملزم نور محمد سماعت پر پیش نہیں ہوا تاہم عدالت نے اس کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ مقدمے کی مزید سماعت 11 جنوری کو ہوگی۔