4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:6
پی پی ایم کیو ایم کور کمیٹی کا اجلاس،مجوزہ بلدیاتی نظام پر گفتگو
جنگ نیوز -
کراچی … پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین پر مشتمل کور کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کی طرف سے سینئر وزیر تعلیم پیر مظہر الحق، وزیر بلدیات آغا سراج درانی اور وزیر برائے آرکائیوز رفیق انجنیئر نے شرکت کی، جبکہ ایم کیو ایم کی طرف سے صوبائی وزیر سید سردار احمد اور رکن رابطہ کمیٹی و سابق ٹاؤن ناظم گلشن اقبال واسع جلیل شریک ہوئے ۔دونوں جماعتوں کے اراکین نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے مسودے پر خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران مجوزہ بلدیاتی سسٹم کے کئی امور زیر بحث آئے ، جن کا مختلف پہلوؤں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں طے پایا گیا کہ اس ضمن میں مزید بحث کمیٹی کے اگلے اجلاس میں ہوگا، جس میں مختلف شقوں پر غور کیا جائے گا۔