4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:17
شہید بھٹو نے اقتدار کو ٹھوکر مار کر عوام کے لیے موت کو گلے لگایا،قائم علی شاہ
جنگ نیوز -
کراچی …وزیراعلیٰ سندھ اورسندھ پی پی کے صدر سید قائم علی شاہ نے پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ،سابق وزیراعظم ،قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 84 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید بھٹو نے اپنی پور ی زندگی عوام کی فلاح و بہبود ، ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بحالی ، تقویت اور فروغ کے لئے صرف کی۔ سیدقائم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ طالع آزما سیاستدانوں ، آمروں ، اور خود غرض عناصر نے آمریت کی چھتری تلے اپنے اقتدار کی ڈوری کو دوام بخشا جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اقتدار کی مسند کو ٹھوکر مار کر عوام کے درمیان رہ کر موت کو گلے لگایا تھا، انھوں نے ملک میں ایوب آمریت کے خلاف تاریخی جدوجہد کی وزیراعلیٰ سندھ نے کہاشہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایک اسلامی جمہوری پارلیمانی دستور دیا ،ملک میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے حصول کی بنیاد ر کھی،معاشی اور اقتصادی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کرکے عالم اسلام میں پاکستان کو اہم مقام دلایا اور ملک میں تعلیم ، لیبر ، صحت اور دیگر شعبوں میں اہم اقدامات کئے اور زرعی اصلاحات نافذ کیں۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شہید بھٹو کی خدمات کے پیش نظر پاکستان کو دنیا بھر میں ایک اہم مقام ملا۔ انھوں نے کہا کہ شہیدبھٹو نے سیاست کو محلوں سے نکال کر میدانوں میں لائے اور عوام کو شعور دیا اور عوام کو حق لینا سکھایا۔ انہوں نے کہاکہ ایک سازش کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر آمر ضیاء الحق نے شب خون مارا اور 4 اپریل کو شہید بھٹو کو شہید کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور عوامی حکومت شہید بھٹوکے افکار اور پروگرام پر کاربند رہتے ہوئے اور تمام آزمائشوں اور مشکلات کا مقابلہ کریگی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ہر قسم کے چیلنجزاور بحرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے اور بینظیر بھٹو شہید کے دیئے ہوئے منشور پر 80 فیصد علمدرآمد کرچکی ہے، انشاء الله موجودہ حکومت مارچ میں سینیٹ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور 2013 میں ہونے والے تمام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور پاکستان کو ترقی پذیر سے ترقی یافتہ ملک بناکر دم لے گی۔