4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:17
گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف آپٹما پنجاب کااحتجاج،گورنر کی یقین دہانی کے بعد ختم
جنگ نیوز -
لاہور…آپٹما کے زیراہتمام پنجاب میں گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف لاہور میں صبح 10بجے مانگا منڈی سے شروع ہونے والی ریلی تمام دن سڑکوں پر رہنے کے بعد سوئی نادرن گیس ہیڈ آفس کے باہر اس وقت ختم ہوئی،جب صدر آصف علی زرداری کی مداخلت پر گورنر پنجاب نے خود وہاں آ کر آپٹما کو دو روز میں ان کا مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملزایسوسی ایشن کے زیراہتمام صنعتکاروں اور مزدوروں نے صبح 10بجے مانگامنڈی بائی پاس سے احتجاجی جلوس نکالا،جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا3بجے سوئی گیس ہیڈ آفس پہنچا،جہاں شرکاء نے دھرنا دیا اور موم بتیاں جلا کر احتجاج کیا،آپٹما کا یہ احتجاج تمام دن جاری رہا، شام 6 بجے گورنر پنجاب سوئی گیس ہیڈ آفس پہنچے جہاں انہوں نے گوہر اعجاز، ایس ایم تنویر اوراحسن بشیر سمیت آپٹما کی دیگر قیادت سے مذاکرات کئے ،اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ دو دن میں وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم سے انکے مذاکرات کرائے جائیں گے،جس میں ان کا مسئلہ حل کر دیا جائے گا،،صدر آصف علی زرداری نے خود بھی آپٹما قیادت سے فون پر بات کی،جس کے بعد آپٹما نے اپنا احتجاجی دھرنا ختم کر دیا،گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان دو روز بعد کریں گے۔