4 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:29
دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی، گورنر سندھ
جنگ نیوز -
کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد کے قاتلوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی اور ان کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاوٴس کراچی میں مولانا محمد احمد لدھیانوی، مفتی نعیم اور مولانا اسعد تھانوی کے ہمراہ ملنے والے علمائے کرام کے ایک وفد سے گفت گو میں کہی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں قانون کے یکساں نفاذ اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنماوٴں کا اتفاق ہے کہ شرپسندی، دہشت گردی اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق و دباوٴ کا رروائی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اس امر کو یقینی بنائیں گے۔ گورنر نے علمائے کرام کو یقین دہانی کروائی کہ دہشت گردی کا شکار بننے والے افراد کے اہل خانہ کو قانون کے مطابق مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ علمائے کرام نے کہا کہ انہیں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کی یقین دہانی پر بھروسہ ہے اور وہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے تعاون جاری رکھیں گے۔