5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:40
چین کا ایران پر نئی امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل
جنگ نیوز -
بیجنگ …جنگ نیوز… چین نے امریکاکی جانب سے ایران پر نئی پابندیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی پابندیوں سے چین کا ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ چین کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ ایران کا ایٹمی مسئلہ اور تناؤ میں کمی کے لئے پابندیاں موثر ہتھیار نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ تناؤ میں کمی اور ایٹمی تنازعہ حل کرنے کے لئے مذاکرات ہی واحد درست راستہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین علاقائی قانون کو بین الاقوامی قانون پر فوقیت دینے اور دیگر ملکوں پر یکطرفہ پابندیوں کی بھرپور مخالفت کرتا ہے۔ چین ایرانی تیل و گیس کا بڑا خریدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور ایران کے مابین توانائی اور اقتصادی شعبوں میں بہترین اور شفاف تعلقات قائم ہیں۔ پابندیوں سے یہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔