5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:51
امریکا عرب لیگ کے کام میں مداخلت کررہاہے، شام کا الزام
جنگ نیوز -
دمشق…جنگ نیوز…شام نے الزام عائد کیاہے کہ امریکا عرب لیگ کے کام میں مداخلت کررہاہے۔ دوسری جانب حزب اختلاف نے صدر بشارالاسد کی حکومت پر عرب لیگ کے مبصرین کو دھوکا دینے کا الزام لگایا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان جہاد مقدسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''امریکا ان فریقوں میں سے ایک ہے جو ملک میں تشدد کو بھڑکارہے ہیں،امریکا کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیانات عرب لیگ کے کام میں کھلی مداخلت ہیں اور ان کے ذریعے شام کے ایشو کو غیر منصفانہ طور پرایک بین الاقوامی مسئلہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ درایں اثناء شام میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم کارکنان نے شامی حکومت پر عرب لیگ کے مبصرین کو گمراہ کرنے اور دھوکا دینے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ شامی حکام عرب معائنہ کاروں کو صرف ان علاقوں میں لے کر گئے تھے جہاں حکومت کے وفاداروں کا غلبہ تھا اور انہوں نے معائنہ کاروں کو دھوکا دینے کے لیے شاہراہوں اور گلیوں کے سائن بورڈ بھی تبدیل کردیے تھے۔