5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:40
قومی اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کی قرار دادکی مخالفت ، مانسہرہ میں احتجاج
جنگ نیوز -
مانسہرہ… قومی اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کی قرارداد کی مخالفت کے خلاف تحریک صوبہ ہزارہ کے کارکنوں نے ریلی نکالی اور شاہراہ قراقرم کو کئی گھنٹوں تک بلاک کئے رکھا، بارش اور شدید سردی کے باوجود تحریک ہزارہ کے سیکڑوں کارکنوں نے شہدائے ہزارہ چوک میں دھرنا دیا، ٹائر جلائے اور شاہراہ قراقرم کو بلاک کر دیا۔ ریلی میں ہزارہ قومی محاذ اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان نے کہا کہ جو لوگ قومی اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کی قرارداد کی مخالفت کررہے ہیں قوم ان کا احتساب خود کرے گی ، انہوں نے قومی اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کے قیام کی قرارداد پیش کرنے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔ بابا حیدر زمان نے کہا کہ میں مشکور ہوں ان لوگوں کا جنہوں نے یہ قرارداد پیش کی اور ان لوگوں کا بھی مشکور ہوں گا جو اس کی حمایت کریں گے، جو اسکی مخالفت کریں گے قوم انکا احتساب خود کرے گی۔ دوسری جانب صوبہ ہزارہ کی قرارداد کو قومی اسمبلی کے ایجنڈے پر نہ لانے اور اے این پی کے اسمبلی سے واک آوٴٹ کے خلاف مانسہرہ سمیت ہزارہ ڈویژن میں وکلا نے بھی عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اورریلیاں نکالیں۔