5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:18
کراچی:فائرنگ سے اے این پی اور ایم کیوایم کے کارکنان جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی…خورشید عباسی …کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی غربی کے علاقے تھانہ سائٹ میٹروول میں خیبرچوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اے این پی غربی کے صدر سعید خان ہلاک ہوگیا جبکہ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن بشیر احمد اور گارڈ اورنگ زیب زخمی ہوگئے۔تاہم زخمی گارڈ کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا تاہم اسکی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔مشتعل افراد نے ایک موٹر سائیکل نذر آتش کردی۔بعد ازاں تھانہ اقبال مارکیٹ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ایل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حبیب اور مسعود عرف کالا گڈو ہلاک ہوگئے،پولیس کے مطابق دونوں کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔دریں اثناء میمن گوٹھ تھانے کی حدود ملیر جمعہ گوٹھ میں نامعلوم کار سوارایک 32سالہ نوجوان کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے،جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔