تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:40

باضابطہ پیغام بھیج دیا نواز شریف کے جواب کا منتظر ہوں، فضل الرحمن

جنگ نیوز -


کراچی … جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ باضابطہ پیغام بھیج دیا، اب نوازشریف کے جواب کا منتظر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل فوج یا عدلیہ بساط لپیٹ دے، انتخابات اور عبوری حکومت کا فارمولا طے کرلیا جائے۔ جامعہ مدنیہ کراچی میں نیوزکانفرنس کے دوران مولانافضل الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت کی گرفت کمزور ہوچکی ہے۔ قبل ا زوقت انتخاب غیرآئینی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ لسانی بنیادوں پر صوبے بننے سے قومی یکجہتی متاثر ہوگی۔ لیکن ہزارہ اور سرائیکی صوبے کی انتظامی بنیادوں پر تشکیل کی وہ حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں سینیٹ کے انتخابات سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ مولانافضل الرحمن کا کہنا تھاکہ جے یو آئی ف اور میاں نوازشریف نے پرویز مشرف کے دور صدارت میں الیکشن میں حصہ لیا اور اگر متفقہ عبوری حکومت میں صدر زرداری بھی رہیں تو کیافرق پڑجائیگا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی خانہ بدوشوں کا قبیلہ تحریک انصاف کا رخ کررہا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کامجلس عمل کی بحالی کے لئے خیبر پختونخوا میں 50 فیصد نشستیں مانگنا ناجائز ہے، اس کے حق کے مطابق سیٹیں دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرمجلس عمل کی بحالی سے مایوس ہوجائیں گے تو پھر کسی اور جماعت سے اتحاد کا سوچیں گے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.