5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:40
گاڑیوں میں گیس سلنڈرز ،احتیاط پر عملدرآمد کیلئے ٹاسک فورس قائم
جنگ نیوز -
اسلام آباد … وزارت پیٹرولیم نے گاڑیوں میں سی این جی سلنڈرز کے لئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے حوالے سے ٹاسک فورس قائم کردی ہے، سلنڈرز کی ٹیسٹنگ نہ کرانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو روٹ پر مٹ نہیں ملیں گے۔ وزارت پیٹرولیم کے اعلامیے کے مطابق وزارت پیٹرولیم کے جوائنٹ سیکریٹری ایڈمن ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے۔ اوگرا، موٹروے، ہائیڈروکاربن ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور وزارت صنعت کے ایکسپلوزیو ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں کو ٹاسک فورس میں شامل کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سیکریٹری پیٹرولیم نے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز سے درخواست کی ہے کہ وہ تمام اضلاع میں ہائیڈرو کاربن ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے سی این جی سلنڈر زٹیسٹنگ اسٹیشنز کے قیام کے لئے جگہ کا تعین کریں۔ وزارت پیٹرولیم کی طرف سے پروفیشنل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کی وفاقی وزارت سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سی این جی اسٹیشنز اور ٹیسٹنگ سینٹرز پر کام کرنے والے افراد کیلئے ڈپلومہ کورس کا اہتمام کیا جائے۔ وزارت پیٹرولیم نے تجویز کیا ہے کہ نجی گاڑیوں میں سی این جی سلنڈرز کی ٹیسٹنگ سال میں ایک بار جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے سلنڈرز کی ٹیسٹنگ ہر چار ماہ بعد کی جائے گی، سلنڈر ٹیسٹنگ نہ کرانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو روٹ پر مٹ نہیں ملے گا۔