6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 3:18
لندن :پیر پگاراکی حالت خطرے سے باہر، نجی اسپتال میں داخل
جنگ نیوز -
لندن ... مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا کوعلاج کے لیے لندن کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرادیاگیاجہاں پر ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ برطانوی ڈاکٹروں کے بورڈ نے ابتدائی معائنے کے بعدبتایا ہے کہ پیر پگارا کی حالت خطرے سے باہر ہے ،تاہم ان کے مختلف ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔ قبل ازیں پیر صاحب پگارا کوائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے لندن لیجایاگیا ، جہاں ایک نجی اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔پیر پگاراکے بیٹے پیرصدرالدین شاہ ، اہلیہ اور ڈاکٹروں کی ٹیم بھی ان کے ساتھ لندن پہنچی ہے۔پیرپگارا گزشتہ روزکراچی سے ائیرایمبولینس کے ذریعے لندن روانہ ہوئے توان کا دیدار کرنے کے لیے مریدوں کی بڑی تعداد اسپتال اور ایرپورٹ کے باہر موجود تھی۔جنھوں نے اپنے مرشدکورخصت کیا۔ پیرپگاراکو 26 نومبر کو جگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا ہونے پرکراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھاجہاں آپریشن کے بعدوہ انفیکشن کاشکارہوگئے تھے۔