6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:40
سڈنی ٹیسٹ:آسٹریلیا نے بھارت کو اننگز اور 68رنزسے ہرادیا
جنگ نیوز -
سڈنی…دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو اننگز اور 68رنزسے شکست دے کر 4 میچوں پر مشتمل سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔ مائیکل کلارک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔انہوں نے ناقابل شکست 329 رنز بنائے اور سچن ٹنڈولکر کی وکٹ حاصل کی۔سڈنی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے 114 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید354 رنز کی ضرورت تھی ۔ مہمان ٹیم کو آج پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب گوتم گمبھیر 83 رنز بناکر سڈل کی گیندپروارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ٹنڈولکر نے 80 اور لکشمن نے 66 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔ ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر 100 ویں ٹیسٹ سنچری بنانے میں ایک بار پھر ناکام رہے۔کپتان دھونی نے صرف دو رنز بنائے۔یوں بھارت کی پوری ٹیم 400 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ہلفنہاس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔آخری اسکور یہ رہا۔ بھارت 191 اور400رنز، آسٹریلیا 659 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ملبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف 122 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔