6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:7
پن بجلی کے 5 منصوبوں پر کام جاری ہے، وزیر زراعت خیبر پختونخوا
جنگ نیوز -
پشاور...خیبرپختونخواکے وزیرزراعت ارباب ایوب جان نے کہاہے کہ صوبہ میں پن بجلی کے 5 منصوبوں پرکام جاری ہے۔ جس سے اگلے 3 سالوں میں 4 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کے تعاون سے صوبہ میں پن بجلی پیدا کرنے کے 5 منصوبوں پر کام ہورہاہے۔ جس سے اگلے 3، 4 سالوں میں 4 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، جو 4 روپے فی یونٹ کے حساب سے صنعتی یونٹس کو دی جائے گی، اس سے صوبہ میں صنعتی ترقی ہوگی۔ ان کا کہناتھا کہ چشمہ لفٹ کینال اسکیم سے جنوبی اضلاع سمیت متعدد اضلاع کی 387 لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔ ان کا کہناتھا کہ صوبہ گندم کا بیج پیداکرنے میں خود کفیل ہوچکا ہے، اس سال ایک ہزار ٹن اضافی بیج پیدا کیا ہے جو افغانستان کو برآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈیڑھ سال قبل آنے والے سیلاب سے تباہ ہونے والے آبپاشی کے نظام کو بحال کردیاگیاہے۔