6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 14:18
گوانتامو کے قیدیوں کی منتقلی پر طالبان اور افغان حکام میں اختلافات
جنگ نیوز -
کابل....امریکا سے امن مذاکرات پر طالبان گوانتانامو کے ساتھی قیدیوں کو قطر جبکہ افغان حکومت افغانستان منتقل کرانا چاہتی ہے۔ افغانستان میں صدارتی ترجمان ایمل فیضی کا کہناہے کہ افغان طالبان نے امریکا سے قیدیوں کو قطر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ کرزئی حکومت چاہتی ہے کہ انہیں براہ راست افغانستان منتقل کیا جائے۔ اسی ہفتے طالبان نے امریکا سے مذاکرات کے لئے قطر میں دفتر قائم کرنے کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ایمل فیضی کا کہنا تھا کہ بون کانفرنس میں شرکت سے پہلے امریکیوں نے کرزئی سے قیدیوں کی رہائی کے مطالبے کا ذکر کیا تھا، تاہم اس کے بعد بھی امریکا اور طالبان کے درمیان رابطے ہوتے رہے ہیں، صدارتی ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت ان سب باتوں کے برعکس قیدیوں کو افغانستان منتقل کرنا چاہتی ہے۔