6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:42
آمر کو آئین توڑنے کی جرات نہیں ہوگی، چیف جسٹس
اے آر وائی - چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ آئندہ کسی آمر کو آئین توڑنے کی جرات نہیں ہوگی، بعض لوگ اپنی دکانداری کے لیے آمریت کی بات کرتے ہیں۔
راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی یہ سوچتاہے کہ مرضی کا فیصلہ ہو تو ان کی غلط فہمی ہے،ہر فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا، کسی فیصلے میں تاخیر سے پورا خاندان متاثر ہوتا ہے،دو سال سے عدالتوں میں انقلاب برپا کر دیاہے اور یہی وجہ ہے کہ آج لوگ سب سے زیادہ عدالتوں پر بھروسہ کرتے ہیں،آج ججز شام سات بجے تک مقدمات نمٹا رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس حلف میں قسم اٹھاتا ہے کہ وہ قانون کے مطابق قائم کرے گا، ہم آئین اورقانون کو تحفظ فراہم کریں گے اور کوئی ماورائے آئین قدم نہیں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین نومبر کے اقدامات کو مارشل لاء کہتا ہوں، کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آمر نے آئین توڑا اور جج ڈٹ گئے ہوں، وکلا کی ملک کیلئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آئین کی بالادستی کے لیے سب کچھ کریں گے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ لوگوں کو حقوق دینے میں عدلیہ کے ساتھ میڈیا کا بھی اہم کردارہے۔