6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 16:30
سردی میں اضافے کیساتھ ہی ملک بھر میں انڈوں کی قیمت بڑھ گئی
جنگ نیوز -
کراچی...سردی کی لہر میں اضافے کے ساتھ ہی ملک بھر میں انڈوں کی قیمت بھی 110 سے 130 روپے فی درجن تک جاپہنچی ہے۔ جیو نیوز کو ملک بھر کی مختلف منڈیوں سے موصول ہونے والے نرخ کے مطابق گلگت میں انڈے کی فی درجن قیمت 130 روپے ہوگئی ہے جو گزشتہ سال جنوری میں 108 روپے تک تھی۔ آزاد جموں کشمیر میں مظفر آباد، کوٹلی، باغ اور راولاکوٹ میں انڈے 125 روپے فی درجن کی بلند ترین قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔ کوئٹہ میں بھی انڈوں ے کی فروخت 120 روپے فی درجن تک جاپہنچی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں فی درجن انڈے 115، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں 117، فیصل آباد، اسلام آباد اور لاہور میں 110 روپے تک میں فروخت ہورہے ہیں۔ اسی طرح انڈوں کی قیمت ڈیرہ اسماعیل خان میں 120، میر پور آزاد کشمیر اور پشاور میں 115 روپے فی درجن ہوگئی ہے۔ اندرون سندھ بھی انڈوں کے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں اور سکھر میں ان کی فی درجن قیمت 124 روپے تک پہنچ گئی ہے۔